اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مصنوعی ذہانت کی کمپنی اینتھروپک کے ملازمین کو کمپنی کے حصص کی مالیت میں غیر معمولی اضافے کے باعث بڑی مالی کامیابی حاصل ہوئی ہے،
رپورٹس کے مطابق ادارے کے تقریباً 96 فیصد ملازمین کروڑ پتی بن چکے ہیں، جبکہ سینکڑوں افراد کے حصص کی مالیت 10 کروڑ ڈالر سے بھی زیادہ ہوگئی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق کمپنی نے اسٹاک مارکیٹ میں اپنے حصص کی ابتدائی قیمت 83 ڈالر فی شیئر رکھی، جس کے بعد ملازمین کی ملکیت میں موجود شیئرز کی قدر میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ستمبر 2026 کے اعداد و شمار کے مطابق اینتھروپک میں 5 ہزار 300 ملازمین کام کررہے تھے، جن میں سے تقریباً 5 ہزار 100 افراد کے حصص کی مالیت 10 لاکھ ڈالر سے تجاوز کرگئی۔ اسی طرح تقریباً 2 ہزار 800 ملازمین کے شیئرز ایک کروڑ ڈالر سے زیادہ مالیت کے ہوگئے، جبکہ لگ بھگ 600 افراد کے حصص کی قیمت 10 کروڑ ڈالر سے اوپر پہنچ گئی۔کمپنی کے ملازمین کو اندرونی طور پر ’اینٹس‘ کہا جاتا ہے۔ نجی کمپنیوں کے حصص کی قدر کا تخمینہ لگانے والے ادارے ہِل ڈاٹ کام کے مطابق اینتھروپک سے وابستہ ملازمین نے بہت کم وقت میں دولت کے حوالے سے نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ ادارے کے بانی اینڈریو بینسن کا کہنا ہے کہ ملازمین کی دولت میں اتنی تیزی سے ہونے والا اضافہ غیر معمولی ہے۔ ان کے مطابق کمپنی کی ترقی نے ملازمین کو ادارے کے ساتھ منسلک رہنے کی ترغیب دی ہے،
جس کے باعث بڑی تعداد نے ملازمت چھوڑنے کے بجائے کمپنی میں اپنا سفر جاری رکھا۔2021 میں قائم ہونے والی اینتھروپک میں 2024 کے اختتام تک ملازمین کی تعداد ایک ہزار سے کم تھی، تاہم کمپنی کی تیز رفتار توسیع کے نتیجے میں یہ تعداد چند سال کے اندر 5 ہزار سے بڑھ گئی۔ٹیکنالوجی کے شعبے میں ملازمین کو تنخواہ کے علاوہ کمپنی کے حصص دینا ایک معروف طریقہ ہے، لیکن اینتھروپک میں ملازمین کو اسٹاک مارکیٹ میں کمپنی کی شمولیت کے بعد اپنے کچھ حصص فروخت کرکے رقم حاصل کرنے کا موقع بھی ملا، جس سے ان کی دولت نقد اثاثوں میں تبدیل ہونا شروع ہوگئی۔مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تیزی سے ہونے والی پیش رفت اور کمپنی کی غیر معمولی ترقی نے نہ صرف سرمایہ کاروں کو فائدہ پہنچایا بلکہ اس کے ہزاروں ملازمین کو بھی مختصر عرصے میں کروڑ پتی بنا دیا۔



















































