عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) دنیا کے 191 رکن ممالک کے شہریوں کو مختلف شعبوں میں ملازمت اور پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع فراہم کرتا ہے، جن سے پاکستانی امیدوار بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ادارے میں معاشیات کے علاوہ فنانس، قانون، آئی ٹی اور دیگر شعبوں کے ماہرین کے لیے بھی مختلف آسامیاں موجود ہیں۔
آئی ایم ایف کے تحت معاشیات میں پی ایچ ڈی کرنے والے طلبہ کے لیے سمر انٹرن شپ پروگرام متعارف کرایا گیا ہے، جس میں انہیں عالمی معیشت سے متعلق اہم معاملات پر تحقیق کرنے کا موقع ملتا ہے۔ اسی طرح معاشیات، فنانس یا ڈیٹا سائنس میں بیچلر ڈگری مکمل کرنے والے نئے گریجویٹس ریسرچ اینالسٹ پروگرام کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، جہاں وہ تحقیق اور پالیسی سازی کے امور میں معاونت کرتے ہیں۔
معاشیات میں پی ایچ ڈی کرنے والے نئے گریجویٹس کے لیے تین سالہ اکنامسٹ پروگرام بھی دستیاب ہے۔ اس کے ذریعے شرکا کو مختلف شعبوں میں کام کرنے اور مختلف ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے عملی تجربہ حاصل کرنے کا موقع دیا جاتا ہے۔ دوسری جانب تجربہ کار امیدواروں کے لیے مڈ اور سینئر اکنامسٹ کی آسامیاں بھی موجود ہیں، جن میں معاشی پالیسی، ٹیکس اور بجٹ، تجارت اور مانیٹری پالیسی جیسے شعبے شامل ہیں۔
ادارے میں صرف ماہرینِ معاشیات ہی نہیں بلکہ قانون، اکاؤنٹنگ، فنانس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انسانی وسائل، ابلاغ عامہ اور اندرونی آڈٹ کے شعبوں سے وابستہ افراد کے لیے بھی ملازمت کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ پبلک فنانشل مینجمنٹ، ٹیکس نظام اور مالیاتی شعبے کے ماہرین کو علاقائی مراکز اور مختلف ممالک میں قائم دفاتر میں کام کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔
آئی ایم ایف کے ساتھ ملازمت کے دوران عملے کو دنیا بھر کی وزارتوں اور مرکزی بینکوں کے نمائندوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا تجربہ حاصل ہوتا ہے۔ ان ذمہ داریوں میں مالی استحکام، معاشی اصلاحات اور متعلقہ اداروں کی استعداد بڑھانے جیسے امور شامل ہیں۔ ملازمین کو مختلف خطوں اور معاشی شعبوں میں خدمات انجام دینے کے ساتھ موسمیاتی معاشیات اور ڈیجیٹل کرنسی جیسے ابھرتے ہوئے موضوعات پر خصوصی تربیت اور تحقیق کی سہولت بھی دی جاتی ہے۔
ملازمت کے فوائد میں غیر امریکی شہریوں کی تنخواہوں پر مقامی، ریاستی اور وفاقی انکم ٹیکس سے استثنیٰ بھی شامل ہے۔ اہل بین الاقوامی ملازمین کو نقل مکانی کے اخراجات میں معاونت، بچوں کی تعلیم کے لیے الاؤنس اور اپنے ملک واپسی کے سفری اخراجات کی سہولت فراہم کی جاتی ہے، جبکہ طبی انشورنس اور پنشن پلان بھی ملازمت کے پیکیج کا حصہ ہیں۔
آئی ایم ایف میں امیدواروں کا انتخاب ایک باقاعدہ اور میرٹ پر مبنی طریقہ کار کے تحت کیا جاتا ہے۔ مختلف عہدوں اور پروگراموں سے متعلق تفصیلات جاننے اور درخواست جمع کرانے کے لیے ادارے کی سرکاری ویب سائٹ کے کیریئرز سیکشن سے رجوع کیا جا سکتا ہے:
https://www.imf.org/en/about/careers



















































