اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی کے حکومتی فیصلے کے بعد آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں 5 فیصد کمی کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ چار سے پانچ روز کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات سستی کرنے پر وزیراعظم اور وفاقی وزیر پیٹرولیم کا شکریہ ادا کیا، تاہم مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے کو درپیش مشکلات کم کرنے کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں مزید کمی کی جائے۔
واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 9 روپے 41 پیسے کم کرکے 352 روپے 59 پیسے مقرر کی ہے، جبکہ ڈیزل بھی 5 روپے 56 پیسے سستا ہونے کے بعد 382 روپے 25 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔



















































