اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عالمی منڈی کے ساتھ پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 51 ڈالر گھٹ کر 3 ہزار 980 ڈالر رہ گئی، جس کے اثرات ملکی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے۔ مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونا 5 ہزار 100 روپے سستا ہونے کے بعد 4 لاکھ 20 ہزار 536 روپے کا ہوگیا، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت میں 4 ہزار 373 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 60 ہزار 541 روپے مقرر ہوگئی۔
چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان دیکھا گیا۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی 2 ڈالر 4 سینٹ سستی ہوکر 50 ڈالر 52 سینٹ پر آگئی۔عالمی قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں پاکستان میں بھی فی تولہ چاندی کی قیمت 238 روپے کم ہوکر 5 ہزار 530 روپے ہوگئی، جبکہ 10 گرام چاندی 204 روپے کی کمی کے بعد 4 ہزار 741 روپے میں فروخت ہونے لگی۔



















































