اسلام آباد (این این آئی)دوہری شہریت چھپانے والے سرکاری افسران کے خلاف گھیرا تنگ کردیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے دوہری شہریت چھپانے والے سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کیلئے وزیراعظم سے اجازت طلب کرلی۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے وزیراعظم آفس کو سمری بھیج دی، ڈیکلریشن جمع نہ کرانے والوں کیخلاف کارروائی کا اختیار مانگ لیا۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق 3 ہزار کے قریب اعلی سرکاری افسران میں سے اکثریت نے ابھی تک حلف نامے جمع نہیں کرائے اور اب تک صرف 8 فیصد افسران نے اپنی یا اہلخانہ کی غیرملکی شہریت ہونے کا اعتراف کیا ہے۔وزیراعظم سے گریڈ 20سے 22 کے افسران کیخلاف کارروائی کی اجازت طلب کرلی گئی ہے، افسران کی ترقی روکی،لازمی ریٹائرمنٹ یا برطرف کیا جاسکتا ہے، وزیراعظم کی منظوری کے بعد افسران کو شوکاز جاری ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق 2917 سرکاری افسران میں سے 62.5 فیصد نے اب تک حلف نامہ جمع نہیں کرایا، ڈیکلیریشن جمع کرانے والے افسران میں سے صرف 8.68 فیصد نے غیرملکی شہریت ظاہر کی۔دوہری شہریت کا ڈیکلیریشن نہ دینے والوں میں گریڈ 20، 21 اور 22 کے افسران بھی شامل ہیں، افسران کا تعلق پاکستان ایڈمنسٹریٹو، پولیس سروس،سیکریٹریٹ اور آفس منیجمنٹ گروپس سے ہے، سول سرونٹس رولز کے تحت افسران اور زیرکفالت افراد کی غیرملکی شہریت ظاہر کرنا لازم ہے۔



















































