اسلام آباد (این این آئی)بجلی 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے جس کے بعد صارفین پر 32 ارب 70 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بجلی 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پرنیپرا میں سماعت کے دوران سی پی پی اے حکام نے موقف اختیار کیا کہ عالمی مارکیٹ میں آرایل این جی سمیت تمام ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے،کوئلے کی قیمت بھی 15 ڈالر فی ٹن بڑھ گئی ہے۔حکام کے مطابق آر ایل این جی اسپاٹ کارگوز کی قیمت 28 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تک پہنچ چکی ہے، مہنگی بولی موصول ہونے کے باعث ایل این جی اسپاٹ کارگوز کی خریداری کا عمل منسوخ کیا گیا۔
اسپاٹ کارگوز کیلئے 27ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی بولی موصول ہوئی تھی تاہم دیگر چارجز شامل کرنے کے بعد لاگت 33 ڈالر تک پہنچ رہی تھی،فیول کی لاگت بڑھنے کے باعث بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست کی گئی ہے۔سی پی پی اے نے ستمبرکی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست دائر کر رکھی ہے،درخواست منظور ہونے کی صورت میں صارفین پر 32 ارب 70 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔



















































