اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت کے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ منصوبے کے تحت اب تک 2 لاکھ 20 ہزار 994 خاندانوں کو قرض فراہم کیا جا چکا ہے،
جبکہ 1 لاکھ 27 ہزار سے زیادہ خاندان اپنے مکانات کی تعمیر مکمل کر چکے ہیں۔
محکمہ ہاؤسنگ نے پروگرام کے حوالے سے سامنے آنے والی قیاس آرائیوں کے بعد تازہ اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ قرضوں کی فراہمی اور گھروں کی تعمیر سے متعلق تمام معلومات رئیل ٹائم پورٹل پر مسلسل اپ ڈیٹ کی جاتی ہیں۔
محکمے کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مجموعی طور پر 2 لاکھ 24 ہزار 320 افراد کے قرضوں کی منظوری دی جا چکی ہے۔ ان میں سے 2 لاکھ 20 ہزار 994 خاندانوں کو مجموعی طور پر 2 لاکھ 89 ہزار 844 ملین روپے کے قرض جاری کیے گئے ہیں۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ 3 ہزار 326 خاندانوں کے قرضوں کی فراہمی کا عمل آخری مراحل میں ہے، جن کے لیے 4 ہزار 615 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔
منصوبے کے تحت اب تک 1 لاکھ 27 ہزار 36 خاندان اپنے گھروں کی تعمیر مکمل کر چکے ہیں، جبکہ 60 ہزار 253 مکانات پر تعمیراتی کام جاری ہے۔ مزید برآں، 1 لاکھ 70 ہزار 523 خاندانوں کو تعمیراتی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے قرض کی دوسری قسط بھی ادا کی جا چکی ہے۔
محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق مستفید ہونے والے خاندانوں کی جانب سے قرضوں کی واپسی کے سلسلے میں اب تک 22 ہزار 162 ملین روپے وصول کیے جا چکے ہیں۔
محکمے نے وضاحت کی کہ اعدادوشمار میں نظر آنے والا فرق ٹائپنگ کی غلطی کی وجہ سے پیدا ہوا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے کے تمام ریکارڈ کو شفاف رکھنے اور درست معلومات کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے ڈیٹا آن لائن پورٹل پر بروقت اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت منصوبے میں میرٹ اور شفافیت کو بنیادی اہمیت دی جا رہی ہے، تاکہ مستحق خاندانوں کو اپنے گھر تعمیر کرنے کے لیے مالی معاونت فراہم کی جا سکے۔



















































