اسلام آباد(نیوز ڈ یسک) پاکستانی ہنرمند نوجوانوں کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، عمان نے پنجاب سے آنے والے سکلڈ ورکرز پر عائد پابندیوں میں نرمی کی تجویز پر غور کرنے پر اتفاق کرلیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مسقط میں عمان کے وزیر برائے زراعت، ماہی گیری اور آبی وسائل سعود بن حمود بن احمد الحبسی سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور ہنرمند افرادی قوت کے لیے مواقع پیدا کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران مریم نواز شریف نے عمان میں پنجاب سے ہنرمند کارکنوں کی آمد پر عائد پابندیاں ختم کرنے کے لیے اقدامات کی تجویز پیش کی، جس پر عمانی وزیر نے غور کرنے پر اتفاق کیا۔
عمانی وزیر نے بتایا کہ ان کے ملک میں مختلف شعبوں کے لیے تربیت یافتہ اور ہنرمند کارکنوں کی ضرورت برقرار ہے۔ انہوں نے پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعمیرات، زراعت، آبی زراعت اور دیگر شعبوں میں پنجاب سے آنے والے ماہر کارکنوں کا خیرمقدم کیا جائے گا۔
انہوں نے یقین دلایا کہ عمان ہنرمند افرادی قوت کی ضروریات کے حوالے سے پنجاب حکومت کے ساتھ معلومات کا تبادلہ بھی کرے گا تاکہ متعلقہ شعبوں میں پاکستانی کارکنوں کے لیے مزید مواقع پیدا کیے جاسکیں۔
زراعت، فشریز اور لائیو اسٹاک میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
ملاقات میں پنجاب اور عمان کے درمیان زراعت، فشریز، لائیو اسٹاک اور آبی زراعت سمیت مختلف شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ عمانی وزیر نے پنجاب میں پہلا شریمپ سنٹر قائم کرنے کی پیشکش بھی کی۔
دونوں جانب سے دودھ اور گوشت کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مویشیوں کی برآمد بڑھانے کے اقدامات پر بھی بات ہوئی، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے مسقط کو پنجاب سے گوشت برآمد کرنے کی پیشکش کی۔
پنجاب میں نوجوانوں کی فنی تربیت پر مریم نواز کی بریفنگ
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق صوبے میں لاکھوں نوجوانوں کو مقامی اور عالمی روزگار کی ضروریات کے مطابق ہنرمند بنانے کا عمل جاری ہے، جبکہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ فنی تربیت کے ذریعے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مزید بہتر کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو ملک کا قیمتی اثاثہ ہے۔ پاکستانی نوجوان اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کے باعث دنیا بھر میں پہچانے جاتے ہیں۔
مریم نواز شریف نے بتایا کہ پنجاب میں اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ہزاروں نوجوان تربیت حاصل کرچکے ہیں اور حکومت انہیں روزگار کی بدلتی ہوئی ضروریات کے مطابق مختلف شعبوں میں تیار کررہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے اپنے دورہ عمان کے حوالے سے بتایا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے مسقط روانگی کے وقت انہیں رخصت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ خوش نصیب ہیں کیونکہ خود تین مرتبہ وزیراعظم رہنے کے باوجود مسقط نہیں جاسکے۔



















































