اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کو درپیش مشکلات کم کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے کراچی کے ویکسینیشن سینٹرز میں اضافی عملہ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق حج، عمرہ اور دیگر مقاصد کے لیے بیرون ملک جانے والے مسافروں کے لیے ویکسین لگوانا اور اس کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ تاہم کراچی کے مختلف ویکسینیشن مراکز میں عملے کی کمی کے باعث مسافروں کو ویکسین کے حصول اور سرٹیفکیٹ کے لیے مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسافروں کی پریشانی دور کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے کراچی کے ویکسینیشن سینٹرز میں نئی بھرتیاں کرنے کی منظوری دی ہے۔ وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں ماہ ہی نئے ویکسینیٹرز کی بھرتی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق بارڈر ہیلتھ سروسز کراچی کے ویکسینیشن مراکز کے لیے مجموعی طور پر 100 مرد و خواتین ویکسینیٹرز بھرتی کرے گی۔ یہ تقرریاں ڈیلی ویجز کی بنیاد پر کی جائیں گی۔
کراچی میں ویکسینیٹرز کی بھرتی کے لیے واک اِن انٹرویوز 28 ستمبر کو منعقد ہوں گے، جبکہ منتخب ہونے والے عملے کو معاوضہ وفاقی حکومت کی جانب سے ادا کیا جائے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مسافروں کو 24 گھنٹے ویکسینیشن کی سہولت فراہم کرنے کے لیے کراچی کے متعلقہ ویکسینیشن سینٹرز چوبیس گھنٹے کھلے رکھنے کا انتظام کیا جائے گا۔



















































