پنجاب میں سرکاری بھرتیوں کے طریقہ کار میں بڑی تبدیلی کی تیاری شروع کر دی گئی ۔ذرائع کے مطابق ابتدائی تقرریاں اب بنیادی پے اسکیل کے بجائے لمپ سم پے پیکج پر کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جس کے لیے موجودہ سروس رولز کے بجائے اہلیت کے معیار کے تحت بھرتیوں کی نشاندہی کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ ترمیم کے بعد صوبائی محکموں میں رکی ہوئی بھرتیوں کا عمل تیز ہونے کی توقع ہے جبکہ منظوری کے بعد لمپ سم پے پیکج پر نئی آسامیوں کی راہ ہموار ہو جائے گی۔
لمپ سم پے پیکج پر پابندی میں نرمی کے کیسز حکومت کو کیس ٹو کیس بنیاد پر پیش کیے جائیں گے۔حکومت کی منظوری کے بعد صوبے میں روایتی طریقہ کار کے بجائے لمپ سم بنیادوں پر بھرتیاں ممکن ہوں گی، تاہم پنجاب پبلک سروس کمیشن (پی پی ایس سی)کے ذریعے روایتی بھرتیاں بدستور جاری رہیں گی۔ ذرائع کے مطابق گریڈ 5 اور اس سے اوپر پابندی میں نرمی کے کیسز پہلے کی طرح متعلقہ فورمز پر دیکھے جائیں گے۔مجوزہ منصوبے کے تحت گریڈ 1سے گریڈ 4تک لمپ سم پے پیکج کے تحت بھرتیوں کی اجازت دی جائے گی۔ اس کے ساتھ سروس رولز بنانے کے بجائے اہلیت کا معیار طے کر کے بھرتیوں کے لیے نیا راستہ کھولنے کی تجویز دی گئی ہے، جس سے سرکاری بھرتیوں کے عمل میں تیزی اور لچک آنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔















































