لاہور (این این آئی)پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنزنے لاہور سے لندن فضائی آپریشن بھی شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔پی آئی اے کی جانب سے لاہور سے لندن پروازوں کا آغاز 6سال کے وقفے کے بعد کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے کی پہلی پرواز پی کے 757، 30مارچ کو لاہور سے لندن روانہ ہوگی۔
لاہور سے لندن جانے والی پروازیں ہیتھرو ایئرپورٹ کے ٹرمینل 4 پر لینڈ کریں گی، لندن پی آئی اے کے نیٹ ورک کے ابتدائی بین الاقوامی روٹس میں شامل ہے، ان پروازوں کی شروعات کے بعد برطانیہ کے لیے پی آئی اے کی پروازوں کی ہفتہ وار تعداد 07ہو جائے گی، پابندی سے قبل پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنزپاکستان سے لندن کے لیے ہفتہ وار 10 پروازیں چلا رہی تھی۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق لندن کے لیے پروازوں میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا، پی آئی اے پہلے ہی اسلام آباد سے لندن کے لیے ہفتہ وار 3 پروازوں کے آغاز کا اعلان کر چکی ہے جبکہ اسلام آباد سے لندن کی پروازیں 29مارچ سے شروع ہوں گی۔















































