اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستانی آٹو مارکیٹ میں ایک نئی گاڑی کی آمد کی باضابطہ تصدیق کر دی گئی ہے، جس کا اعلان کمپنی کی جانب سے اپنے آفیشل فیس بک پیج پر جاری کیا گیا۔کمپنی کی شیئر کردہ پوسٹ کے مطابق پاکستان میں متعارف کرایا جانے والا نیا ماڈل JAECOO J5 HEV ہوگا۔ اعلان میں گاڑی کی چند نمایاں خصوصیات بھی سامنے لائی گئیں، جن میں جدید ڈرائیور اسسٹنس فیچرز (ADAS)، ایڈاپٹو کروز کنٹرول، پینورامک مون روف اور ہائبرڈ الیکٹرک وہیکل ٹیکنالوجی شامل ہیں۔تاہم کمپنی نے تاحال گاڑی کی قیمت یا باضابطہ لانچ کی تاریخ کے حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔ اس پیش رفت کو پاکستان میں برانڈ کی موجودگی کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ Omoda & Jaecoo نے گزشتہ برس اگست میں دو الیکٹرک ایس یو ویز کے ذریعے مقامی مارکیٹ میں قدم رکھا تھا، جبکہ اکتوبر میں ایک مقامی سطح پر اسمبل کی جانے والی پلگ اِن ہائبرڈ ایس یو وی بھی متعارف کرائی گئی تھی۔ابتدائی معلومات کے مطابق JAECOO J5 HEV میں 1.5 لیٹر ٹربو چارجڈ انجن کے ساتھ ہائبرڈ پاورٹرین نصب ہوگی۔ یہ گاڑی کمپیکٹ کراس اوور ہائبرڈ ایس یو وی کے زمرے میں پیش کی جا رہی ہے، جہاں اسے سخت مقابلے کا سامنا ہوگا۔عالمی مارکیٹ میں دستیاب ماڈل میں حفاظتی پہلوؤں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، جس میں چھ ایئر بیگز کے علاوہ اینٹی لاک بریکنگ سسٹم (ABS)، الیکٹرانک بریک فورس ڈسٹری بیوشن (EBD)، الیکٹرانک اسٹیبلٹی کنٹرول (ESP)، 540 ڈگری کیمرہ سسٹم اور ٹائر پریشر مانیٹرنگ سسٹم شامل ہیں۔بین الاقوامی ماڈلز میں فراہم کی جانے والی سہولیات میں لیدر اپہولسٹری، برقی طور پر ایڈجسٹ ہونے والی اگلی نشستیں، ڈوئل زون کلائمٹ کنٹرول، پاور ٹیلگیٹ، وسیع پینورامک مون روف اور 13.2 انچ کی جدید انفوٹینمنٹ اسکرین شامل ہے، جو وائرلیس ایپل کار پلے اور اینڈرائیڈ آٹو کو سپورٹ کرتی ہے۔














































