لاہور( این این آئی)اچھرہ جیولری مارکیٹ سے 20کلو سونا غائب ہونے کے معاملے میں مزید انکشاف ہوا ہے ۔ پولیس کے مطابق وسیم اختر نامی تاجر اپنی سوتیلی والدہ کا ڈھائی کلو سے زائد سونا لے کر غائب ہو گیا جس پر اچھرہ تھانے میں سوتیلی والدہ کی مدعیت میں ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ۔مدعی مقدمہ کے مطابق وسیم اختر کے پاس ڈھائی کلو سے زائد سونا امانت کے طور پر رکھا گیا تھا جس کی مالیت 7 کروڑ 42 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے، سونا واپس نہ ملنے پر پولیس سے رجوع کیا ۔
پولیس کے مطابق اچھرہ جیولری مارکیٹ سے 20 کلو سونا غائب ہونے کے کیس میں اب تک مجموعی طور پر 7 مقدمات درج ہو چکے ہیں تاہم نامزد ملزم وسیم اختر تاحال گرفتار نہیں ہو سکا۔پولیس کے مطابق ملزم کی ٹریول ہسٹری بھی حاصل کر لی گئی ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کا دعوی ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔















































