کراچی: سندھ حکومت نے سرکاری ملازمتوں کے لیے نئی پالیسی جاری کرتے ہوئے امیدواروں کی تعلیمی قابلیت کو ترجیح دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے تحت امیدواروں کو تعلیمی اسکور کے مطابق اضافی 5 پوائنٹس دیے جائیں گے۔
پالیسی کے مطابق گریڈ 5 سے گریڈ 15 تک کی تمام آسامیوں کے امیدوار، جن کی تعلیمی اسناد میں کم از کم 50 فیصد نمبر ہوں، کو یہ اضافی پوائنٹس ملیں گے۔ انٹرمیڈیٹ پاس امیدواروں کو بھی ٹیسٹ میں 5 پوائنٹس دیے جائیں گے، اور آئی بی اے سکھر سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو بھی امتحان کے دوران اضافی 5 پوائنٹس کی رعایت دی جائے گی۔
یہ نظام صوبے کے تمام محکموں پر لاگو ہوگا اور اس کی تصدیق سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اور کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ نے کی ہے۔ نوٹیفیکیشن پر سیکشن آفیسر فیضان قاضی کے دستخط شامل ہیں۔















































