اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسوں کی تفصیلات منظرِ عام پر آگئیں۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جاری کردہ دستاویزات کے مطابق ایک لیٹر پیٹرول پر 94 روپے 89 پیسے جبکہ ڈیزل پر 95 روپے 35 پیسے ٹیکس وصول کیا جارہا ہے۔ اس حساب سے پیٹرول کی قیمت کا 36 فیصد اور ڈیزل کی قیمت کا 35 فیصد حصہ ٹیکسوں پر مشتمل ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرول کے فی لیٹر نرخ میں 14 روپے 37 پیسے کسٹم ڈیوٹی، 78 روپے 2 پیسے پیٹرولیم لیوی اور 2 روپے 50 پیسے کلائمیٹ سپورٹ لیوی شامل ہیں۔
اسی طرح فی لیٹر ڈیزل پر 15 روپے 84 پیسے کسٹم ڈیوٹی، 77 روپے ایک پیسہ پیٹرولیم لیوی اور 2 روپے 50 پیسے کلائمیٹ سپورٹ لیوی عائد کی گئی ہے۔
یوں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بڑا حصہ ٹیکسوں کی مد میں وصول کیا جارہا ہے۔