راولپنڈی(این این آئی)پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے کہا ہے کہ ڈی ریگولیشن ہونے سے کراچی سے نارتھ تک پیٹرول مہنگا ہوگا اس لیے ڈی ریگولیشن ہمیں منظور نہیں۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کوآرڈینیٹر راجا وسیم نے کہا کہ مصدق ملک کے بیان کے حوالے سے ہم وضاحت کریں گے، ہم نے مصدق ملک کو خط لکھے لیکن جواب نہیں دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے 13 سے 14 ہزار پیٹرول پمپس ہیں، عوام کو ریلیف دینے کے لیے حکومت ہمارے ساتھ بیٹھے اور لیوی ختم کریں تاکہ عوام کو ریلیف ملے، عوام کو 60 روپے پیٹرول سستا ملنے چاہیے۔
راجا وسیم نے کہا کہ حکومت ہمیں روڈ میپ نہ دے تو کاروبار بند ہو جائے گا، ہر پمپ پر ہزاروں ملازم ہیں ہمارا کام متاثر ہو رہا ہے، مذاکرات کے راستے ہم نے بند نہیں کیے۔نارتھ ریجن کے صدر چوہدری ظفر نے کہا کہ وفاقی وزیر نے ہمیں کوئی روڈ میپ نہیں دیا اور سڑکوں کی بندش کے حوالے سے ہمیں آگاہ نہیں کیا گیا۔ کراچی کی بہ نسبت راولپنڈی میں پیٹرول کی قیمت 15 روپے زیادہ ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ لیوی کا آج تک پتا نہیں چلا کہ اس پیسے سے کیا فائدہ ہوا، ڈویلپمنٹ کر کے کوئی پروجیکٹ کیے گئے ہمیں آگاہ کیا جائے، لیوی کے خلاف میڈیا بھی ہمارا ساتھ دے۔چوہدری ظفر نے نے کہا کہ 8 روپے 64 پیسے ہمارا مارجن ہے جبکہ کراس مارجن 5 لیٹر ہے، جو مشین پیٹرول ڈالتی ہے آج سے کچھ سال پہلے 14 لاکھ کی تھی اور اب ٹیکسز کے بعد قیمت 47 لاکھ ہے۔ حکومت نے ٹیکسز بڑھا دیے اور ہماری مشکلات بھی بڑھ گئیں۔