کرم (این این آئی)ضلع کرم میں پہنچنے والی اشیائے خورونوش مہنگے داموں فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔شہریوں کے مطابق پاراچنار میں ٹماٹر 700، گوبھی، ٹنڈا اور پیاز 500 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ہری مرچ 800 روپے فی کلو، چینی فی کلو 200 روپے، چائے 2200 روپے فی کلو فروخت کی جارہی ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا کہ اپرکرم کے لیے کم از کم 500 ٹرکوں پر مشتمل قافلہ روانہ کیا جائے۔سماجی رہنما نے مطالبہ کیا کہ ایک ہفتہ انتظار کے بعد صرف 25 ٹرک سامان لایا گیا، اس سے عوامی ضروریات پوری نہیں ہو سکتیں، ادویات کی فراہمی یقینی بنانے اور مریضوں کی شفٹنگ کے لیے ہیلی سروس دوبارہ شروع کی جائے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق راستے کھولنے اور قافلے چلانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، گزشتہ روز بھی 25 ٹرک سامان لایا گیا تھا، جلد مزید ٹرک بھیجے جائیں گے، لوئر کرم مندوری دھرنے کے باعث آج بھی ٹل پاراچنار سڑک بند ہے۔ذرائع کے مطابق مندوری مظاہرین کے ساتھ ٹل کینٹ میں یا کوہاٹ میں ضلعی انتظامیہ سے دوبارہ مذاکرات کی توقع ہے۔