کراچی(این این آئی)وفاقی حکومت نے کاروبارکرنے میں سہولیات کی فراہمی اور تیز ترین کسٹمز کلیئرنس کے لیے پاکستان سنگل ونڈو سسٹم کا دائرہ کار مزید 7حکومتی اداروں تک بڑھادیا ۔دستاویز کے مطابق جن حکومتی اداروں میں پاکستان سنگل ونڈو سسٹم لاگو کیا گیا، ان میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)،ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان(ٹی ڈی اے پی)، اسپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی(ایس ٹی زیڈ اے)،پاکستان ٹوبیکو بورڈ(پی ٹی سی)،خیبر پختونخواہ ریونیو اتھارٹی(کے پی آر اے)،بلوچستان ریونیو اتھارٹی(بی آر اے)اور پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے)شامل ہے۔
اس بارے میں جب فیڈرل بورڈ آف ریونیو حکام سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے بتایا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد لائسنس، اجازت نامے، سرٹیفکیٹ اور دیگر دستاویزات کے اجرا کے لیے دیگر سرکاری اداروں(او جی ایز)کی معلومات کی ضروریات کو شامل کرنا ہے۔