کراچی(این این آئی)پیشگی خریداری سمیت دیگر عوامل کے باعث زرمبادلہ کی مارکیٹوں میں ڈالر کی قدر میں محدود پیمانے پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ بینکوں کی یکم جنوری کی بندش کی وجہ سے ایڈوانس میں خریداری سرگرمیوں، جولائی تا ستمبر 0.92فیصد کی محدود جی ڈی پی نمو کے تناظر میں نئے کلینڈر سال میں معاشی نمو کو تیز رفتار کرنے کے لیے ڈالر کی طلب بڑھنے اور بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں کے لیے زرمبادلہ کے حصول جیسے عوامل کے باعث پیر کو پورے دن کی تنزلی کے بعد کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر میں محدود پیمانے پر اضافہ ہوا۔
حکومت کی جانب سے مختصر دورانیے کے ملٹی و بائی لیٹرل قرضوں کے حصول سے مارکیٹ میں سپلائی بہتر ہونے سے کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر ڈالر کی قدر 09 پیسے کی کمی سے 278روپے 37پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن کاروبار کے اختتام پر ڈیمانڈ آنے سے ڈالر کی قدر صرف 1پیسے کے اضافے سے 278 روپے 47 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 04 پیسے کے اضافے سے 279 روپے 54پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔برآمدات وترسیلات زر میں اضافے کی توقعات سے ڈالر کی قدر میں اضافہ محدود رہا جبکہ حوالہ ہنڈی آپریٹرز کے خلاف متعلقہ اداروں کی تسلسل سے کارروائیوں سے ڈالر کی سپلائی بہتر رہی۔