کراچی(این این آئی) انٹربینک میں ڈالر کی قدر تنزلی کا شکار، اوپن مارکیٹ میں نرخ برقرار رہے۔ حکومت کا کمرشل لونز اور گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ سطح پر معاہدوں کے ذریعے 3سال کا ایکسٹرنل فنانشل گیپ ختم کرنے اور قرضوں کی موخر ادائیگیوں کی سہولت حاصل کرنے کی اطلاعات کے علاوہ وزیر خزانہ کا رواں ماہ ہی آئی ایم ایف سے قرض پروگرام منظور ہونے کے بیان سے جمعرات کو ایک بار پھر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا۔
ملکی برآمدات میں اضافے تجارتی خسارے میں کمی اور خام تیل کی عالمی قیمت 6ماہ کی کم ترین سطح پر آنے جیسے عوامل کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 09پیسے کی کمی سے 278روپے 67پیسے کی سطح پر بند ہوئے۔اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں طلب ورسد میں یکسانیت کے باعث ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 280روپے 25 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔