لاہور( این این آئی)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے سولرائزیشن پالیسی کے تحت سولر سسٹم سے بجلی کی پیداوار کرنے والوں پر کڑی شرائط عائد کر دیں۔رپورٹ کے مطابق سولر پینلز سے بجلی کی بلنگ پر”چیک کوڈ”لگا دیئے گئے ہیں، چیک کوڈ لگنے سے منظور شدہ لوڈ کے مطابق بلنگ ہو سکے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ منظور شدہ لوڈ سسٹم کی بنیاد پر لیسکو میں صارفین 1.5فیصد تک سولر سسٹم نصب کر سکتے ہیں۔ لیسکو کے صارفین نے منظور شدہ لوڈ سے زائد سسٹم نصب کر کے بجلی کی پیداوار شروع کر دیں۔
واضح رہے کہ وزارت توانائی نے نئی سولرائزیشن پالیسی پر کام شروع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق نیٹ میٹرنگ کی بجلی کے ریٹ کو پچاس فیصد کم کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے، کس گرڈ پر کتنے فیصد نیٹ میٹرنگ ہوگی ،پالیسی میں یہ بھی شامل ہوگا۔حکام کے مطابق اس وقت ملک میں سولر صارفین کی تعداد ڈیڑھ لاکھ ہے ، ایک سال میں سولر صارفین کی تعداد میں 60فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے ۔ ماہانہ نیٹ میٹرنگ یونٹس کا شیئر ساڑھے پانچ کروڑ یونٹس تک پہنچ چکا ہے،سولر سے بجلی کی پیداوار 3ہزار میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے۔