اسلام آباد (این این آئی)وفاقی حکومت نے گندم اور چینی سمیت اشیائے ضروریہ کی اسمگلنگ میں سہولت کاری فراہم کرنے والے 31 کسٹمز اہلکاروں کی نشاندہی کرلی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ وزارت داخلہ نے کوئٹہ میں تعینات ایک ایڈیشنل ڈپٹی کسٹمز (اے ڈی سی) سمیت 31 اہلکاروں کی فہرست ارسال کی ہے جو گندم سمیت اشیائے ضروریہ کی اسمگلنگ میں سہولت کاری میں ملوث ہیں۔
ایک انٹیلی جنس رپورٹ تمام صوبائی حکومتوں اور چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ساتھ شیئر کی گئی ہے تاکہ گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ضروری کارروائی کی جا سکے، وزارت داخلہ نے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے پر کارروائی کریں۔وزارت داخلہ نے پاکستان بھر میں اہم مڈل مینوں اور فلور ملز کے مالکان، ذخیرہ شدہ ضروری اشیائے خوردونوش کے گوداموں کی جگہ، اسمگلروں اور بین الصوبائی راستوں کی فہرست، اسمگلنگ میں ملوث اہلکاروں کی فہرست، بلوچستان میں اسمگلروں کے ساتھ ملے ہوئے کرپٹ اہلکاروں کی لسٹ اور افغانستان میں چینی کی اسمگلنگ میں ملوث بلوچستان کے اسمگلروں کی فہرست بھی شیئر کی ہے۔