کراچی(این این آئی)ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے ماہ رمضان میں تیسری بار لیکوئیڈ پٹرولیم گیس کی قیمتوں میں ازخود 30 روپے فی کلو اضافہ کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک میں شتر بے مہار کی طرح بڑھتی مہنگائی سے عوام پہلے ہی پریشان ہیں کہ ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے بھی ایل پی جی کی قیمتوں میں ازخود اضافہ کر دیا ہے اور یہ رواں ماہ رمضان کے پہلے ہفتے میں تیسری بار اضافہ کیا گیا ہے۔ایل پی جی کی حالیہ قیمت میں ازخود 30 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔
جس کے باعث یہ مقررہ سرکاری قیمت 257 کے بجائے مارکیٹ میں 300 روپے تک فروخت ہو رہی ہے۔کراچی میں گھریلو سلنڈر کی قیمت 3030 روپے مقرر ہے مگر بلاخوف وخطر 4200 روپے وصول کیے جا رہے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، جس نے غریب عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔اس حوالے سے چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے کہا کہ کھپت بڑھنے پر مارکیٹنگ کمپنیوں نے قیمتوں میں من مانا اضافہ کیا تاہم اوگرا نوٹیفکیشن کے بغیر قیمتوں میں اضافہ بلا جواز اور غیر قانونی ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔