کراچی(این این آئی) انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اتارچڑھا ئوکے بعد محدود پیمانے پر اضافے کا تسلسل برقرار، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے مستحکم رہی۔نومنتخب وزیراعظم کی آئی ایم ایف سے فوری رجوع کرنے کی ہدایات اور گورنر اسٹیٹ بینک کے متحرک ہونے کے باوجود منگل کو انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اتارچڑھا ئوکے بعد محدود پیمانے پر اضافے کا تسلسل برقرار رہا تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے مستحکم رہی۔
برآمدی شعبوں کی ڈالر کے مقررہ قدر سے 8روپے زائد قیمت پر مستقبل کے سودے مارکیٹ پر اثرانداز ہیں حالانکہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر کی آمد بہتر ہونے سے مارکیٹ میں ڈالر کی رسد بھی اطمینان بخش ہے لیکن بین الاقوامی سطح پر اہم کرنسیوں کی نسبت ڈالر کی بڑھتی ہوئی قدر اور خام تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے کے تسلسل سے پاکستان کے درآمدی بل میں اضافہ ہورہا ہے جو روپے کی قدر پر دبا کا باعث ہیں۔اسی طرح بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں کے دبا سے بھی روپے کی قدر میں تسلسل سے محدود پیمانے کا اضافہ دیکھا جارہا ہے۔انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 05پیسے کے اضافے سے 279روپے 31پیسے کی سطح پر بند ہوئے۔اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 282روپے 05پیسے کی سطح پر مستحکم رہی۔