لاہور( این این آئی) گرین پاکستان انیشیٹیو کے تحت چین سے زرعی سازو سامان کی بڑی کھیپ خنجراب کے راستے پاکستان پہنچ گئی ۔گرین پاکستان انیشیٹو پروگرام کے تحت ملک میں نظام آبپاشی میں جدت آئے گی،اس ضمن میں چولستان میں تیارکیے جانے والے سمارٹ ماڈل فارم کا قافلہ خنجراب سے پاکستان میں داخل ہو چکا ہے۔
کارگومیں 20ٹریکٹرز، ڈرپ ایریگیشن سسٹم، حوض رِیل بیسیڈ اِریگیشن سسٹم ، سیٹلائٹ اورڈرون انٹیلجنٹ کنٹرول پلیٹ فارم شامل ہیں۔ اس قافلے میں اسمارٹ ایگریکلچرمینجمنٹ پلیٹ فارم اوراسمارٹ ایگریکلچر انٹرنیٹ آف تھنگز بھی شامل ہیں۔اس قافلے کا آغاز چین سے ہوا جو کہ 5800 کلومیٹر کا سفر طے کر چکا ہے۔ چولستان کے آخری مقام تک پہنچنے کے لئے یہ قافلہ مزید 1500کلومیٹرکا سفر طے کرے گا،یہ گرین پاکستان انیشیٹیو پروگرام کے تحت پاکستان میں خوشحالی اور ترقی لائے گا۔اس جدید ٹیکنالوجی سے پاکستان میں صنعت کاری کے نظام میں بھی بہتری آئے گی۔