کراچی (این این آئی)چائے پاکستانیوں کا پسندہ گرم مشروب ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ صرف پانچ ماہ کے دوران پاکستانی چائے پر 79 ارب 81 کروڑ روپے سے زائد خرچ کرچکے ہیں۔ادارہ شماریات کے مطابق چائے کی درآمد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں پاکستانی 79 ارب 81 کروڑ روپے سے زائد کی چائے پی گئے۔
دستاویزات کے مطابق گزشتہ مالی سال 55 ارب روپے 19 کروڑ روپے سے زیادہ کی چائے درآمد کی گئی، رواں مالی سال جولائی تا نومبر 1 لاکھ 16 ہزار ٹن سے زیادہ چائے درآمد کی گئی جبکہ گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں 1 لاکھ ٹن سے زیادہ چائے درآمد کی گئی تھی۔ دستاویزات کے مطابق ماہ نومبر میں اکتوبر 2023 کے مقابلے میں چائے کی درآمد میں کمی ریکارڈ کی گئی، ماہ اکتوبر میں 16 ارب 41 کروڑ روپے سے زیادہ کی چائے درآمد کی گئی تھی، نومبر 2023 میں چائے کی کل درآمدات کا حجم 15 ارب 30 کروڑ روپے سے زیادہ رہا جبکہ نومبر 2022 میں 12 ارب 35 کروڑ روپے سے زائد کی چائے درآمد کی گئی۔