اسلام آباد( این این آئی)وفاقی حکومت نے اسٹاک مارکیٹ میں پہلے اجارہ سکوک بانڈز فروخت کرکے36 ارب روپے کاقرض اٹھالیا۔پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پہلے اسلامک سکوک بانڈز کی فروحت سے حکومت نے 36ارب روپے قرضہ حاصل کرلیا گیا ہے، سکوک بانڈز خریدنے والے سرمایہ کاروں کو19.52 فیصد کی شرح سے منافع ادا کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اسٹاک ایکس چینج میں پہلے سکوک بانڈ کی نیلامی کا افتتاح کیا تھا۔ فروری تک بانڈز کی تین نیلامیوں سے 90 ارب روپے کا ہدف مقرر ہے۔معاشی ماہرین کے مطابق سکوک کا اجرا ملک میں اسلامی بانڈ مارکیٹ کی ترقی میں معاون ثابت ہوگا اور چھوٹے سرمایہ کاروں کو شریعت کے مطابق سرمایہ کاری کی طرف راغب کرے گا۔