اسلام آباد (این این آئی) پٹرولیم سیکٹر کے گردشی قرضہ میں ایک سال کے دوران 500ارب روپے سے زائد اضافے کا انکشاف ہوا ہے۔چیئرمین نور عالم خان کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں سیکرٹری پٹرولیم نے دوران بریفنگ کہا کہ گزشتہ سال پیٹرولیم سیکٹر کا گردشی قرضہ 1200ارب روپے تھا جو کہ اب 1700ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔
سیکرٹری پیٹرولیم نے کہا کہ پٹرولیم سیکٹر کا گردشی قرضہ ختم کرنے کیلئے پلان تیار کر لیا، اداروں کے اثاثوں کے سوائپ کا فیصلہ کیا گیا ہے، گیپگو اور نندی پور پاور پلانٹ پی ایس او کو دے کر گردشی قرضہ کلیئر کیا جائے گا۔ حکام نے کہا کہ وزارت خزانہ اور وزارت توانائی پٹرولیم سیکٹر کا گردشی قرضہ ختم کرنے پر کام کر رہے ہیں، پاور پلانٹس کے بدلے 300سے 400ارب روپے کے واجبات کلیئر کئے جائیں گے، گیس ٹیرف میں اضافہ کرنے سے گیس کا سالانہ 250ارب کا گردشی قرضہ روک دیا ہے۔