مکوآنہ ( این این آئی )فیصل آباد سمیت ملک بھر میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافے نے نئے ریکارڈ قائم کر دئیے ہیں،گزشتہ 2ماہ سے سردی میں اضافے کیساتھ ہی سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بھی بے تحاشہ اضافہ ہوگیا ہے، پرائس کنٹرول کمیٹیاں اور ضلعی انتظامیہ آٹا،
دال سبزیوں اور پھلوں کے سرکاری نرخ مقرر کرنے کے بعدبھی اس پر عمل درآمد کرانے میں ناکام ہے اور سرکاری نرخوں کو تاجروں نے اپنے جوتے کی نوک پر رکھ لیا ہے،سردی کی آمد کیساتھ ہی موسم سرما کا دلدار پھل (موسمی) کینو ،مالٹا بھی مارکیٹ میں فروخت کیلئے پہنچ گیا ہے اور شہر کے مختلف مقامات پر اسے فروخت کیلئے پیش کردیا گیا ہے واضع رہے کہ موسم سرما میں ٹماٹر کی کم پیداوار سے قیمتوں میں اضافے کا اثر دوسری سبزیوں اور پھلوں کی جانب بھی منتقل ہوگیا ہے اور اس وقت سردی کے موسم میں پیداوار دینے والی سبزیوں کے نرخ بھی آسمان سے باتیں کر رہے ہیں حکومت کی جانب سے قیمتوں پر نظر رکھنے والی پرائس کنٹرول اور ضلعی انتظامیہ بھی سبزیوں اور پھلوں کے نرخ کنٹرول کرنے میں قطعی طور پر ناکام رہی ہیں اسی طرح پھلوں کی قیمتوں میں بھی ضلعی انتظامیہ اور مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں سے زائد پر فروخت کئے جارہے ہیں ملک بھر کی پرائس کنٹرول کمیٹیوں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں اور مارکیٹوں کے نرخوں میں زمین آسمان کا فرق ہے۔