لاہور (این این آئی) سٹی ٹریفک پولیس نے موسم بدلتے ہی دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف کریک ڈائون تیز کردیا۔سی ٹی او لاہور نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کا ریکارڈ مرتب کرنے ،پہلی بار دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو 02، 02 ہزار کے
چالان جبکہ دوبارہ پھر پکڑنے جانے پر کاغذات قبضہ میں لیکر گاڑیاں بند کرنے کا حکم دیدیا۔ سی ٹی اولاہور کے مطابق ماہ ستمبر میں 03 ہزار سے زائد گاڑیوں،کمرشل وہیکلز، رکشوں کو چالان ٹکٹس جاری کئے ۔رواں سال کے دوران 45 ہزار 222 کمرشل وہیکلز کو چالان ٹکٹس جاری کئے گئے۔ سی ٹی او کا کہناتھا کہ بس اونرز یونینز کے ساتھ مل کر بھی ماحولیاتی آلودگی اور سموگ آگاہی مہم بھی جاری ہے۔گاڑیوں سے نکلنے والا مضر صحت دھواں سموگ کا باعث بنے گا۔احتیاطی تدابیر اپنانے سے سموگ کے خطرات سے بچا جا سکتا ہے۔کارروائی کرنے سے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے اثرات کم ہونگے۔ماحولیاتی آلودگی اور سموگ سے انسان کو سانس لینے میں دشواری، ناک،گلے کی بیماریوں کا اندیشہ رہتا ہے۔