لاہور( این این آئی)لاہور ہائیکورٹ نے پی آئی اے کے 51فیصد شیئر زاور اسلام آباد ائیر پورٹ کا کنٹرول قطر کو دینے کے ممکنہ اقدام کے خلاف درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی ۔دوران سماعت فاضل عدالت نے کہاکہ آپ نے صرف میڈیا رپورٹس پر کیس فائل کر دیا،
آپ کیس واپس لیں گے یا میں جرمانے کے ساتھ درخواست خارج کروں ۔ درخواست گزار ایڈوکیٹ نبیل کاہلوں نے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست واپس لے لی ۔درخواست میں موقف اپنایا گیا تھاکہ حکومت پی آئی اے کی 51 فیصد اونرشپ اور اسلام آباد ائیر پورٹ کا کنٹرول قطر حکومت کے حوالے کرنے کا معاہدہ کررہی ہے ،ڈیل کے نتیجے میں پی آئی اے کی ملکیت نیویارک میں روزویلٹ ہوٹل بھی قطر کو دیا جا رہا ہے،وزیر اعظم کے حالیہ قطر کے دورے میں ڈیل کو فائنل کر لیا گیا ہے،حکومت پارلیمنٹ کی منظوری بغیر ہی قطر سے ڈیل کر رہی ہے ۔ استدعا ہے فاضل عدالت حکومت کی جانب سے قطر کے ساتھ ہونے والی ڈیل روکے ۔