لاہور( این این آئی)پاکستان نے ایک سال کے دوران بیرون ملک سے اشیائے خور و نوش منگوانے پر 9 ارب ڈالر سے زائد رقم خرچ کی ۔اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 22-2021 میں خوراک کی درآمد پر 9 ارب ڈالر سے زیادہ کی غذائی اجناس درآمد ہوئیں
جو کہ پاکستانی کرنسی میں 1592 ارب روپے بنتے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 21-2020 کے دوران 8 ارب 34 کروڑ ڈالر کی اشیائے خور و نوش درآمد کی گئی تھیں، اس طرح خوراک کی درآمد میں ایک سال کے دوران 66 کروڑ 80 لاکھ ڈالر اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔گزشتہ مالی سال کے دوران سب سے زیادہ 3 ارب 54 کروڑ ڈالر کا پام آئل درآمد کیا گیا،چائے کی درآمد پر 62 کروڑ 61 لاکھ ڈالر یعنی 111ارب روپے خرچ ہوئے۔19 کروڑ 71 لاکھ ڈالر کا سویا بین جبکہ 19کروڑ 17 لاکھ کی چینی بھی بیرون ملک سے منگوائی گئی۔رپورٹ کے مطابق دالوں، گندم، ڈیری مصنوعات، مصالحوں، ڈرائی فروٹ کی درآمد میں کمی آئی۔وزارت تجارت کے مطابق غذائی اجناس کی درآمد میں اضافے کی بڑی وجہ عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافہ ہے۔