لاہور( این ا ین آئی )آل پاکستان انجمن تاجران نے پیٹرولیم کی قیمتوںمیں ایک ماہ میں دوسری بار اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کو کچلنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ،مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے عوام کیلئے ایک وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہو گیا ہے
جبکہ حکمران سب اچھا کی رپورٹ دے کر آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں ،اب صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے ،اب صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیاہے ۔مرکزی صدر اشرف بھٹی ،سیکرٹری جنرل محبوب سرکی ،لاہور کے صدر میاں طارق فیروز، جنرل سیکرٹری نعیم بادشاہ، سینئر نائب صدر میاں سلیم، چیئرمین انجمن لاہور حافظ عطا اللہ اور وائس چیئرمین ملک ناظم نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ یہ کیسا فارمولہ ہے جس میں ہر پندرہ روز بعدقیمتوں نے بڑھنا ہی ہوتا ہے اور غریب عوام کو ریلیف نہیں ملنا ۔ در حقیقت پیٹرولیم اور بجلی کی قیمتوںمیں اضافے کا فارمولہ حکومت کا اپنا نہیں بلکہ آئی ایم ایف آئی کامسلط کردہ فارمولہ ہے جس پر آنکھیں بند کرکے عملدرآمد کیا جارہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت سے اپیل ہے کہ پسے ہوئے طبقات پر آئے روز بوجھ ڈال کر ا ن کا سانس کو بند نہ کیا جائے ، اگر قیمتوںمیں کمی نہیں ہو سکتی تو کم از کم انہیں ایک سطح پر ہی منجمد کر دیا جائے تاکہ عوام روزی روٹی کے حصول کی تدبیر کر سکیں۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نے مہنگائی کو جس نہج پر پہنچا دیا ہے اب عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے ۔ حزب اختلاف کی جماعتوں سے بھی اپیل ہے کہ وہ مہنگائی کے خلاف ایوانوںمیں موثرآواز بلند کریں ۔