کراچی(این این آئی)ملک بھر میں سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ اور بڑھتی بندش کے باعث پٹرول کی کھپت میں اضافہ دیکھاگیا ہے ،گزشتہ ماہ ستمبر کے دوران پٹرول کی کھپت 10فیصد اضافے سے ماہانہ 8لاکھ ٹن کی ریکارڈ سطح بھی عبور کر گئی ۔
انڈسٹری ذرائع کے مطابق ستمبر میں پٹرول کی کھپت8لاکھ13ہزار ٹن کی ریکارڈ سطح پر رہی جبکہ اگست میں پٹرول کی کھپت7لاکھ39ہزار ٹن سے زائد رہی تھی۔گزشتہ ماہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی کھپت 6فیصد اضافے سے 7لاکھ15ہزار ٹن سے زائد رہی جب کہ لائٹ ڈیز ل آئل کی کھپت51فیصد اضافے سے 2331ٹن رہی ۔ستمبر میں فرنس آئل کی کھپت میں16فیصد کی کمی دیکھی گئی اور 4لاکھ31ہزار ٹن سے زائد فرنس آئل بجلی گھروں میں استعما ل ہوا ،ہائی اوکٹین کی کھپت ستمبر میں14فیصد کمی سے 10ہزار 287ٹن رہی ،مٹی کے تیل کی کھپت گزشتہ ماہ 3فیصد کمی سے 6467ٹن رہی ، جیٹ فیول کی کھپت ستمبر میں2فیصد کمی سے 48ہزار ٹن سے زائد رہی ۔