لاہور( این این آئی)فیڈرل بورڈآف ریو نیو نے ٹیکس کی مد میں ریکوری کیلئے بینک اٹیچمنٹ سے چوبیس گھنٹے قبل آگاہ کرنے اور چیئرمین سے پیشگی منظوری کے سابقہ احکامات واپس لے لئے ۔ چیئرمین ایف بی آر کی منظوری کے بعد سیکرٹری (ان لینڈ ریو نیو آپریشنز )حماد حسین جعفر کی جانب سے جاری کئے گئے مراسلے میںکہا گیاہے کہ 5مئی 2019ء اور10اکتوبر2019ء کے احکامات جس میں کہا گیا تھاکہ ٹیکس واجبات کی مد میں ٹیکس دہندگان ،چیف ایگزیکٹو آفیسر ،پرنسپل آفیسر یا مالک کو
چوبیس گھنٹے قبل آگاہ اور چیئرمین بورڈ آف ریو نیو کی منظوری کے بغیر ریکوری کے لئے بینک اٹیچمنٹ پر پابندی عائد ہو گی اب ان احکامات کو واپس لے لیا گیا ہے ۔ مراسلے کے مطابق ادارے کے کمشنرزانکم آرڈیننس 2001ء کی سیکشن 140،اپریل 2020ء میں جاری کئے گئے ایس آراواورسیلز ٹیکس ایکٹ1990ء کی سیکشن 48کے تحت اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے بینک اٹیچمنٹ کر کے ریکوری کر سکیں گے۔