کراچی(این این آئی)اسٹیل ملز سے مزید350افسران و ملازمین کو فارغ کردیا گیا ہے جبکہ دوسری جانب اسٹیک ہولڈرز گروپ نے برطرف کئے گئے ملازمین کو بحال اور اسٹیل ملز کو چلانے کی پیشکش کردی ہے ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسٹیل ملز انتظامیہ کی
جانب سے مزید100ایگزیکٹیو اور 250ملازمین کو برطرفی کے پروانے تھما دیئے گئے ، جس کے بعد اب تک ادارے سے جبری برطرف کئے گئے ملازمین کی تعداد 5400سے زائد ہوگئی ہے ،اس سے قبل پہلے مرحلے میں اسٹیل ملز سے 4544اور دوسرے مرحلے میں509ملازمین کو فارغ کیا گیا تھا جبکہ اب مزید350ملازمین کو برطرف کردیا گیا ہے ۔ وفاقی کابینہ نے جون2020میں اسٹیل ملز سے 9350ملازمین کو فارغ کرنے کی منظوری دی تھی۔جبری برطرف کئے گئے ملازمین کو جولائی کی تنخواہ ادا کی جائے گی،ملازمین کی جبری برطرفیوں کے باوجود اب تک اسٹیل ملز انتظامیہ کی جانب سے ادارے کی بحالی کے سلسلے میں کسی قسم کا پلان ترتیب نہیں دیا جاسکا ہے اور نہ ہی جبری برطرف کئے گئے ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کی جاسکی ہے ۔ دوسری جانب اسٹیک ہولڈرز گروپ اور اسٹیل ملز کی مزدور تنظیموں نے ادارے سے مزید ملازمین کی برطرفیوں کی شدید مذمت کی ہے ،اسٹیک ہولڈرز گروپ کے کنوینر ممریز خان نے حکومت کو ایک بار پھر اسٹیل ملز کو بحال کرنے کی پیشکش کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ نہ صرف اسٹیل ملز کو مقامی وسائل سے چلایا جائیگا بلکہ برطرف کئے گئے تمام ملازمین کو بھی ملازمتوں پر بحال کیا جائیگا،ان کا کہنا تھا کہ ان غیر ضروری اقدامات سے ہٹ کر ادارے کو مالی نقصان پہنچانے والوں کا تعین کیا جائے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔