کراچی(این این آئی)کراچی کے تاجروں نے ہفتے میں دودن کاروباری بندش کے فیصلے کو مسترد کردیاہے۔اس ضمن میں چیئرمین کراچی تاجر اتحاد عتیق میر نے کہا کہ بار بار چھٹیوں کے دن تبدیل کرنے سے ابہام پیدا ہورہا ہے۔انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک میں رات کے اوقات
میں کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے۔ عید پر خرید و فروخت کے لیے تاجروں نے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔عتیق میر نے کہا کہ اوقات کار میں کمی سے عوام کے لیے عید کی خریداری میں مشکلات پیدا ہوں گی۔دوسری جانب کراچی الیکٹرونکس ڈیلرزایسوسی ایشن (کیڈا)کے صدر محمد رضوان عرفان نے کہا کہ حکومت سندھ کے نئے ایس او پیز پر اگلے ہفتے سے عمل درآمد ہوگا، سندھ حکومت کی پرانی ایس او پی کے تحت جمعہ اور اتوار مارکیٹس بند ہورہی تھی۔انہوں نے کہاکہ مطالبہ کیا کہ حکومت سندھ پندرہ رمضان سے مارکیٹ دن 12 بجے سے رات 12 بجے تک کھولنے کی اجازت دے۔آل پاکستان انجمن تاجران سندھ کے رہنما جاوید قریشی نے کہا کہ وفاق، صوبیکی سیاسی کشمکش میں تاجروں کو سازش کے تحت مشتعل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے.جاوید قریشی نے کہا کہ سندھ حکومت این سی او سی کی آڑ میں سندھ کے تاجروں کا معاشی قتل عام کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کاروبار بند کرنے کی بجائے لوگوں کو ویکسینیشن کی ترغیب دے۔جاوید قریشی نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلی سندھ صوبے میں کاروباری مراکز ہفتے میں 6 دن کھولنے کا فوری اعلان کریں۔انہوں نے کہا کہ کاروباری اوقات کار رات 10 بجے تک اور 15 روزے کے بعد رات 2 بجے تک کرنے کا اعلان کیا جائے۔