فیصل آباد(آن لائن) رمضان المبارک شروع ہوتے ہی شہر کی اوپن مارکیٹ سے چینی غائب ، مہنگے داموں چینی فروخت کرنے پر سٹی کیش اینڈ کیری کو سیل کرادیا ، اوور چارجنگ پر دکانداروں کوجرمانے انکے خلاف مقدمات درج کرادیئے ضلعی انتظامیہ کی تمام کارروائیاں اور چھاپے ناکام ،شوگر مافیاکے سامنے ضلعی انتظامیہ بے بس
،زیادہ تر دکانوں پرسستی تو ایک جانب مہنگی چینی بھی دستیاب نہیں ہے ۔ آن لائن کے مطابق فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں رمضان المبارک کا آغازہوچکا ہے لیکن پنجاب بھر میں چینی کی قلت کا سنگین بحران ختم نہ ہوسکا،فیصل آباد شہر کے متعدد علاقوں میں چینی کی سنگین قلت دیکھنے میں آئی ہے شہری چینی نہ ملنے پر پنجاب حکومت سے شدید نالاں دکھائی دیتے ہیں،اس حوالے سے شہریوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سستی تو ایک جانب اب مہنگی چینی بھی دستیاب نہیں ہے ،سحری وافطاری میں چینی دسترخوان کا لازمی جزو ہے، شربت، چائے ، دودھ میں چینی ڈالنے کیلئے چینی نہیں مل رہی، کریانہ فروشوں نے بھی چینی کا سٹاک نہ ملنے پر ہاتھ کھڑے کردیئے ہیں۔حکومت سستی چینی تو فراہم نہیں کرسکی لیکن اب مہنگی چینی بھی دستیا ب نہیں ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید ایوب بخاری نے مہنگے داموں چینی فروخت کرنے پر سٹی کیش اینڈ کیری کو سیل کرادیا۔انہوں نے دوران پرائس چیکنگ کیش اینڈ کیری پر چینی کی قیمت کو چیک کیا اور اوورچارجنگ پرکیش اینڈ کیری کو اپنی نگرانی میں سیل کرادیا۔انہوں نے شہر بھر میں 40 سے زائد انسپکشنز کرکے کھانے پینے کی مختلف اشیائے ضروریہ مقررہ سرکاری نرخوں سے زائد پر فروخت اور ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے کی پاداش
میں دکانداروں کو50 ہزار روپے کے جرمانے بھی کئے۔اسسٹنٹ کمشنر نے دکانداروں کو خبردار کیا کہ وہ اوورچارجنگ سے بازرہیں بصورت دیگر دوران چیکنگ مہنگے داموں اشیاء فروخت کرنے والوں کی دکانیں نہ صرف سیل بلکہ پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت جرمانے اور دیگر سزائیں بھی دی جائیں گی۔