لاہور( این این آئی)اسٹیٹ بینک آف پاکستان سمیت ملک بھر کے تمام بینک اور مالیاتی ادارے زکوة کی کٹوتی کیلئے یکم رمضان المبارک کو بند رہیں گے۔ اس دوران بینکوں کا عملہ حاضر رہے گا تاہم پبلک ڈیلنگ نہیں کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یکم رمضان المبارک پر پاکستان میںموجود تمام بینکس ازخود سیونگ کھاتے رکھنے والے اکاؤنٹس ہولڈرز کے اکاؤنٹ سے زکوة کی رقم منہا کریں گے جس کے بعد یہ رقم مرکزی بیت المال میں جمع کرائی جائے گی۔ وفاقی حکومت نے اسلامی سال 1441ـ42 ہجری کیلئے زکوة کا نصاب 80 ہزار 933 روپے مقرر کیا ہے۔ یعنی جس کے سیونگ اکاؤنٹ میں اتنی رقم موجود ہوگی اْس کے کھاتے سے 2 ہزار 24 روپے کٹوتی زکوة کی مد میں کی جائے گی جبکہ اس سے زیادہ کی صورت میں مجموعی رقم پر ڈھائی فیصد کٹوتی کی جائے گی۔عوام کی اکثریت نے زکوة کی اپنے ہاتھوں سے ادائیگی کے لئے بینکوںمیں موجود اپنی رقوم نکلوا لی ہیں جنہیں زکوة کی ادائیگی کے بعد دوبارہ جمع کر ادیا جائے گا۔