اسلام آباد /کراچی (این این آئی)اسٹیٹ بینک نے رمضان المبارک کیلئے دفتری اور کاروباری اوقات کا اعلان کر دیا۔ماہ رمضان المبارک 1442ہجری کے دوران بینک دولت پاکستان میں درج ذیل دفتری اوقات پر عمل کیا جائیگا، جس کی پابندی تمام بینک ، ترقیاتی مالی ادارے اور
مائکرو فنانس بینک بھی کریں گے،پیر تا جمعرات صبح 10 بجے سے 4 بجے سہ پہر تک، جس میں 2 بجے سے سوا 2 بجے تک نماز کا وقفہ ہوگا جبکہ جمعے کو دفتری اوقات صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک ہوں گے، جس میں کوئی وقفہ نہیں ہوگا تاہم مزید ہدایت کی جاتی ہے کہ عوام سے لین دین کے لیے درج ذیل کاروباری (بینکنگ) اوقات پر عمل کیا جائے گا۔پیر تا جمعرات صبح 10 بجے سے ڈیڑھ بجے دو پہر تک، جس میں کوئی وقفہ نہیں ہوگا جبکہ جمعہ کو عوام سے لین دین (بینکنگ) کے اوقات صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک ہوں گے، جس میں کوئی وقفہ نہیں ہوگا،رمضان المبارک کے بعد مذکورہ اوقاتِ کار قبل از رمضان کے اوقات پر خود بخود واپس چلے جائیں گے۔دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے رمضان سے متعلق دفتری اوقات جاری کر دیے گئے ہیں۔رمضان میں اسٹاک ایکسچینج کے دفتری اوقات پیر سے جمعرات صبح 9:30 سے سہ پہر 3:30 بجے تک ہوں گے جبکہ اسٹاک مارکیٹ کے رمضان میں جمعے کے دفتری اوقات صبح 9:30 سے دوپہر 2:30 بجے تک ہوں گے۔اسٹاک ایکسچینج میں رمضان میں شیئرز کا کاروبار پیر سے جمعرات صبح 10:17سے دوپہر 2:00 بجے تک ہوگا۔