اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت میں چینی اسکینڈلز نے قومی خزانے کو 110 ارب روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ اکثر شگر ملز پی ٹی آئی کے کرونیز کی ہیں جنہوں نے منافعہ کمانے کے لئے چینی کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ آج چینی کی قیمت 100 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے،چینی کرپشن رپورٹ کے بعد بھی حکومت ناکام رہی۔ چینی کے سٹہ باز خرم عرف دوائی نے ایف آئی اے کو جمع کرائے گئے بیان میں ہوشربا انکشافات کئے ہیں ،چینی کی ذخیرہ اندوزی اور سٹہ بازی میں پنجاب شوگرمل ایسوسی ایشن کا اعلیٰ عہدیدار اور نامور سیاسی خاندان کی شوگر ملیں بھی ملوث ہیں ۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیاہے کہ خرم عرف دوائی نے ایف آئی اے کو بیان جمع کروا دیا جس میں ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں ۔ سٹہ باز خرم نے بتایا کہ پچھلے چند سالوں میں اربوں روپے کے سٹے میں ملوث رہا ہوں،اپنی بیوی کے نام پر اکائونٹس کھلواکر انہیں چینی کے سٹہ کی رقم کے لئے استعمال کیا ۔ خرم عرف دوائی نے بتایا کہ تمام سٹے بازوں کے نیٹ ورک کو بخوبی جانتا ہوں ،سٹہ باز ایک کلو چینی بھی اصلی ڈیلروں تک نہیں پہنچنے دیتے ،سٹہ کی کمائی چھپانے کے لئے شوگر ملوں نے بھی خفیہ بنک اکائونٹس کھول رکھے ہیں ،شوگر ملز ایسوسی ایشن کے ایک اعلیٰ عہدیدار کی شوگر مل سٹہ بازوں کی پشت پناہی کرتی ہے ،اسی شوگر مل کے سیاسی خاندان کی شوگر مل سے کے قریبی روابط ہیں ،دونوں شوگر ملز 7-A، نیو مسلم ٹائون سے آپریٹ کی جاتی ہیں ۔