لاہور (آن لائن) صوبائی دارالحکومت لاہور کے عام بازاروں میں برائیلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں مسلسل اضافے کا رجحان برقرار رہا۔ جس کے نتیجے میں ہفتے کے روز عام بازاروں میں برائیلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 6 روپے فی کلو اضافہ دیکھنے میں آیا اور اس
اضافے کے بعد برائیلر مرغی کے گوشت کی قیمت 363 روپے فی کلو کی سطح پر رہی، یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران برائیلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 54 روپے فی کلو کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔ فارمی انڈوں کی قیمت 166 روپے فی درجن کی سطح پر مستحکم رہی۔دوسری جانب چینی کے تھوک فروشوں نے چینی کی قیمت میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اکبری منڈی میں چینی کے 50 کلو تھیلے کی قیمت میں ہفتے کے روز 170 روپے کا اضافہ کردیا گیا۔ جس کے بعد 50 کلو چینی کے تھیلے کی قیمت مزید بڑھ کر 5 ہزار 230 روپے ہو گئی ہے اور اس اضافے کا اثر پرچون کی سطح پر بھی پڑا ہے۔ جس کے نتیجے میں پرچون کی سطح پر فی کلو چینی کے نرخ 110 روپے سے 115 روپے ہوگئے ہیں۔ چینی کی قیمت میں بڑھنے کے مسلسل رجحان پر شہری حلقوں نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک سے قبل چینی کی قیمتوں کو یقینی طور پر کم
کیا جائے۔ شہری حلقوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب شب برات پر شہریوں کی سہولت کے لئے چینی کی قیمت میں کمی لائی جائے ،واضح رہے کہ چینی ڈیلروں کی تالہ بندی کی وجہ سے گزشتہ 5 روز سے منڈی میں چینی کی سپلائی معطل ہے جبکہ چینی کا سٹاک رکھنے والے تھوک فروش چینی کو بلیک میں فروخت کر رہے ہیں۔ جس سے شہری انتہائی پریشانی کا شکار ہیں۔