کراچی(این این آئی) شہر میں بائیکاٹ مہم کے بعد مرغی کے گوشت کے نرخ نیچے آنے لگے۔شہرقائد سمیت ملک بھر میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا گیا تھا، اور مختلف شہروں میں مرغی کے گوشت کے نرخ آسمان سے باتیں کررہے تھے،
تاہم ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی شہریوں کی جانب سے 11 مارچ سے چکن بائیکاٹ مہم کا آغاز ہوا، چکن بائیکاٹ مہم کام کرگئی، اور شہر میں مرغی کے گوشت کے نرخ نیچے آنے لگے۔مقامی مارکیٹوں میں صرف 4 روز کے دوران ہی مرغی کے گوشت کی قیمت میں 60روپے فی کلو کمی آگئی، اور مرغی کا گوشت 480 روپے کے بجائے 420 روپے میں فروخت ہونے لگا۔ تاہم دوسری جانب چکن شاپس پر تاحال شہریوں کا رش معمول پر نہ آسکا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر چکن بائیکاٹ مزید کچھ روز جاری رہا تو قیمتیں مزید گر جائیں گی۔واضح رہے کہ مرغی کے گوشت کے سرکاری نرخ گزشتہ روز بھی 214 روپے فی کلو ہی مقرر تھے اور گزشتہ 6 ماہ سے ان قیمتوں میں کوئی ردو بدل نہیں کیا گیا۔