لاہور( این این آئی) سوئی نادرن گیس پائپ لائنز نے موسم سرما میں گیس کی شدید قلت کی گھنٹی بجا دی ، گھریلو صارفین کو صرف کھانا بنانے کے لئے گیس فراہم کی جائے گی جبکہ صنعتی شعبے کیلئے بھی لوڈ مینجمنٹ کا پیشگی عندیہ دیدیا گیا۔ ترجمان ایس این جی پی ایل کے مطابق موسم سرما کے دوران گیس کے استعمال میں کئی گنا اضافہ کے باعث ڈیمانڈ اور سپلائی میں فرق بڑھ جاتا ہے۔
شدید سردی میں ایس این جی پی ایل کو 500ایم ایم سی ایف ڈی تک کی گیس قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ سردیوں میں گیس صرف کھانا بنانے کے لیے فراہم کی جائے گی۔ترجمان نے کہا ہے کہ سوئی ناردرن گیس کی بڑھتی طلب کے پیش نظر ایل این جی کی درآمد یقینی بنائی جا رہی ہے۔ تمام تر کاوشوں کے باوجود موسم سرما میں صنعتی شعبہ جات کو کچھ لوڈ مینجمنٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔