اسلام آباد (این این آئی)وفاقی محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کے ڈپٹی چیف پائلٹ کیپٹن محمد زمان چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں اس وقت کہیں پر بھی ٹڈی دل موجود نہیں تاہم اگلے ماہ راجستھان کے راستے ٹڈیوں کا غول حملہ کرسکتا ہے۔کیپٹن محمد زمان چیمہ نے میرپورخاص میں نجی ٹی وی سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس وقت کہیں بھی
ٹڈی دل موجود نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ اگلے ماہ ٹڈی دل راجستھان کے راستے بھارت سے پاکستان میں داخل ہوسکتا ہے، ٹڈیوں کا افریقہ کی جانب یہ واپسی کا سفر ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ ٹڈیوں کے ممکنہ حملے سے نمٹنے کی مکمل تیاریاں کرلی گئی ہیں اور فضائی اسپرے کے بعد محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کا طیارہ اس وقت سندھ کے علاقے تھرپارکر میں موجود ہے۔