کراچی (این این آئی)پاکستانی سفارتخانے کے جکارتہ (انڈونیشیا) میں انچارج سجاد حیدر خان نے انڈونیشیا انفارمیشن ٹیکنالوجی فیڈریشن (ایف ٹی آئی آئی) کے چیئرمین اینڈی بوڈیمنسیا(Andi Budimansyah) سے ملاقات کی۔ اینڈی بوڈیمنسیاکے ساتھ ایف ٹی آئی آئی کے عہدیدار بھی موجود تھے جبکہ وزیر (تجارت و سرمایہ کاری) فوزیہ چوہدری اور سفارتخانے کی سیکنڈ سیکرٹری جمال ناصر نے اس میٹنگ میں شرکت کی۔پاکستان کی آئی سی ٹی انڈسٹری کی بے پناہ صلاحیتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے سجاد حیدر خان نے چیئرمین انڈونیشیا انفارمیشن ٹیکنالوجی فیڈریشن کو بتایا کہ
پاکستان ہر سال20ہزار سے زیادہ آئی ٹی پروفیشنل کی افرادی قوت تیار کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی آئی سی ٹی برآمدات ڈیڑھ ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہیں اور اس رجحان میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔چیئرمین ایف ٹی آئی آئی نے بریفنگ کو سراہا اور آئی سی ٹی کے شعبے میں پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین باہمی تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ دونوں فریقوں نے اگلے ماہ ویب نار بزنس ٹو بزنس کے انعقاد پر اتفاق کیا۔ مستقبل قریب میں پاکستان اور انڈونیشیا کی آئی سی ٹی کمپنیوں کے مابین اس طرح کی بات چیت کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔