اسلام آباد ( آن لائن) جاری مالی سال کے دوران پاکستان میں کی جانی والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں 91 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جولائی تا مئی 2019-20ء کے دوران 2.4 ارب ڈالر کی ایف ڈی ائی کی گئی ہے۔ دوران سال ملک میں کی جانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری پہلے سے جاری منصوبوں میں کی گئی ہے۔سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ
مالی سال کے ابتدائی گیارہ مہینوں میں جولائی تا مئی 2018-19ء کے دوران ملک میں 1.26 ارب ڈالرز کی ایف ڈی آئی کی گئی تھی جبکہ رواں مالی سال کے اسی عرصہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 2.4 ارب ڈالر تک بڑھ گیا اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے دوران ایف ڈی آئی کی شرح میں 1.14 ارب ڈالر یعنی 91 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔