اسلام آباد (این این آئی)محکمہ ریلوے نے یکم جون سے مزید پانچ ٹرینیں چلانے کا شیڈول اور نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ محکمہ ریلوے کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق یکم جون سے سر سید ایکسپریس،کراچی ایکسپریس، بہائو الدین زکریا ایکسپریس، شالیمار ایکسپریس اور راول ریل ایکسپریس چلائی جائے گی۔
سرسید ایکسپریس یکم جون سے کراچی سے راولپنڈی کے لیے رات ساڑھے آٹھ بجے روانہ ہوگی، اسی طرح کراچی ایکسپریس شام 7 بج کر 45 منٹ جبکہ بہائو الدین زکریا ایکسپریس شام پونے چار بجے کراچی سے ملتان کے لیے روانہ ہوگی۔شیڈول کے مطابق شالیمار ایکسپریس صبح 7 بجے کراچی سے لاہور کے لیے روانہ ہو گی، راول ایکسپریس رات 12.30 بجے لاہور سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہو گی۔نوٹی فکیشن میں بتایا گیا کہ یکم جون سے مزید پانچ ٹرینیں ایس او پی کے تحت چلائی جائیں گی، تمام مسافر احتیاطی تدابیر کے ساتھ ہی سفر کریں گے۔محکمہ ریلوے کے مطابق سماجی فاصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے صرف 60 فیصد نشستوں کی بکنگ کی گئی ہے، سفر کرنے والے مسافروں کے لیے ماسک دستانے سینیٹائزر لازمی جبکہ انہیں ایک گھنٹہ قبل اسٹیشن پہنچنا ہوگا۔