لاہور( این این آئی )ایران پاک فیڈریشن آف کلچر اینڈ ٹریڈ کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے وزیراعظم عمران کے دورہ ایران خوش کو آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات سے خطے میں خوشحالی کے نئے دروازے کھلیں گے، دوطرفہ تجارتی حجم10ارب ڈالر تک لیجانے کیلئے دونوں ممالک کو مقامی کرنسی میں تجارت کا معاہدہ کر نا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آغا بنی
اسدی کی قیادت میں تہران سے آئے صنعتکاروں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا ایرانی تاجروں کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقعے موجود ہیں جن سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ۔اس موقع پرایرانی صنعتکاروں نے اعلان کیا کہ وہ جلد لاہور میں ایک بڑی سطح پر ایرانی اشیاء کی نمائش کا انعقاد کریں گے اور مختلف سیکٹر میں سرمایہ کاری کا منصوبہ بھی پیش کیا جائے گا ۔ایرانی صنعتکاروں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ حبیب الرحمان نے کہا کہ معیشت کو مقامی بنیادیں فراہم کئے بغیر کوئی بھی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔بیمار صنعتی یونٹس کی بحالی کیلئے ضروری ہے کہ ان میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو مراعات اور مکمل تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ وہ پاکستانی سرمایہ کار بھی پاکستان آنے میں تاخیر نہ کریں گے جو اپنے سرمائے کو دوسرے ملکوں میں لیجاکر کاروبار کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم جہاں اپنی ترقی و خوشحالی کیلئے قربانی دے رہی ہے وہیں حکومت کا بھی فرض ہے کہ اشیائے صرف، بجلی اور ادویات کی قیمتوں میں کمی کے لئے فوری اقدامات کرے کیونکہ مہنگائی کی وجہ سے عوام میں اضطراب پھیلنے میں دیر نہیں لگتی جبکہ معاشی استحکام کیلئے صرف صنعت ہی نہیں ان تمام شعبوں پر توجہ دی جائے جو ملک کی معیشت کے استحکام میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔