ماسکو (این این آئی)سعودی عرب کے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے بتایا ہے کہ مملکت نے گذشتہ ماہ اپنی دو تنصیبات پر ہونے والے حملوں کے بعد تیل کی پیداوار کو مکمل طور پر بحال کرلیا ہے جس کے بعد اب وہ اپنی توانائی کمپنی آرامکوپر توجہ مرکوز کررہے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزیر نے ماسکو میں توانائی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مملکت میں تیل کی موجودہ پیداواری صلاحیت روزانہ
11.3 ملین بیرل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم آگے بڑھ کر حملوں کا صفحہ تبدیل کر چکے ہیں۔ ہمارے پاس آرامکو کی عوامی پیش کش اور کمپنی کے شیئرز کی فروخت جیسے نئے چیلینجز ہیں جن پرہم توجہ مرکوز کررہے ہیں۔آرامکو کمپنی نے سنہ2020 میں اپنے مالکان کو 75 ارب ڈالر کا منافع تقسیم کرنے کا عزم کیا ہے۔آرامکو کی حصص اور منافع کی تقسیم کا حجم 2020 میں تقسیم کے لیے پیش کیا جا رہا ہے وہ سنہ 2018 کی نسبت 29 فی صد زیادہ ہے۔